ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بڑے نالوں پر قبضوں کو ہٹانے کیلئے آج سے دوبارہ انہدامی مہم

بڑے نالوں پر قبضوں کو ہٹانے کیلئے آج سے دوبارہ انہدامی مہم

Wed, 17 Aug 2016 12:04:34    S.O. News Service

بنگلورو16؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)شہر میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کیلئے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے پچھلے پانچ دنوں سے معطل انہدامی مہم کل سے بحال کردی جائے گی۔کل سے بنگلور نارتھ ، بنگلور ایسٹ ، راجہ راجیشوری نگر، یلہنکا، مہادیو پورہ اور داسر ہلی ڈویژنوں میں بڑے نالوں پر قبضہ ہٹانے کا کام شروع کردیا جائے گا۔ انہدام کیلئے راجہ راجیشوری نگر میں پانچ ، یلہنکا میں پانچ اور مہادیو پورہ میں پانچ جبکہ داسر ہلی میں دو عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بمن ہلی ، یلہنکا ، مہادیو پورہ ڈویژنوں میں فی الوقت جو انہدامی مہم جاری ہے، متعلقہ جوائنٹ کمشنر اسے آگے بڑھائیں گے۔ بی بی ایم پی افسران نے بتایاکہ شہر کے کورمنگلا نالے پر قبضوں کو ہٹانے کیلئے انہدامی مہم کے ساتھ کل ڈبل روڈ کے قریب سدیا روڈ کے نالے پر تعمیر آٹھ عمارتوں میں سے ایک کے جزوی حصہ کو منہدم کرنے کیلئے آج کارروائی شروع کردی گئی۔باقی سات عمارتوں کے مالکان نے اپنے طور پر عمارتیں گرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کی وجہ سے اس علاقہ میں انہدامی مہم کو دو دن کیلئے روکا گیا ہے۔ بی بی ایم پی افسران نے بتایاکہ اس علاقہ میں عمارتوں کے مالکان نے نجی افراد کے ذریعہ بی بی ایم پی کی طرف سے نشاندہی کی گئی عمارتوں کے انہدام کا کام شروع کردیا ہے۔


Share: